love you brother................

11 سالہ بچی کا ناقابل یقین کارنامہ

اپنے بھائی کی جان کس طرح بچائی؟ جان کر آپ کی حیرت کی انتہا بھی نہ رہے گی

 
ماں کی بیٹے سے محبت تو عالمگیر سچائی ہے لیکن بہنوں کا اپنے بھائیوں سے پیار بھی کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ اسی پیار کی ایک زندہ مثال گزشتہ روز بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ میں دیکھی گئی جہاں 11سال کی یتیم بچی اپنے 6سالہ بیمار بھائی کو کندھوں پر اٹھا کر 8کلومیٹر دور ہسپتال میں لے آئی۔ مالتی نامی یہ بچی جھاڑ کھنڈ کے ضلع گوڈا کے گاؤں چندنا کی رہائشی ہے جس کے ماں باپ چند سال قبل انتقال کر گئے تھے۔ اب یہ دونوں بہن بھائی اپنے دادا دادی کے پاس رہتے ہیں۔ غربت کا عالم یہ ہے کہ یہ بس کا کرایہ بھی برداشت نہیں کر سکتے۔ ان کے گاؤں میں علاج معالجے کا کوئی خاطرخواہ انتظام نہیں۔ اس کا بھائی ملیریا بخار میں مبتلا تھا۔ گزشتہ روز جب اس کی حالت زیادہ غیر ہوئی تو ننھی مالتی کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہ تھا کہ وہ اپنے کندھوں پر اٹھا کر اپنے بھائی کو قریبی سرکاری ہسپتال لاتی۔

مالتی کا کہنا تھا کہ ’’ہمارے گاؤں میں کوئی ڈاکٹر نہیں ہے۔ ہم بہت غریب ہیں، ہمارے پاس بس کا کرایہ نہیں، میں اپنے بھائی کو اپنے کندھوں پر اٹھا کر کئی گھنٹے چلتی رہی اور اسے یہاں سرکاری ہسپتال میں لے آئی۔ میں راستے میں جب تھک جاتی تو بیٹھ جایا کرتی، تھوڑی دیر کے بعد پھر اپنے بھائی کو اٹھا کر چل پڑتی تھی۔‘‘ سول ہسپتال گوڈا کے ڈاکٹر سی کے ساہی کا کہنا ہے کہ ’’بچہ خطرناک قسم کے ملیریا میں مبتلا ہے۔ اگر اس کی بہن اس کو بروقت ہسپتال نہ لاتی تو اس کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔ بہن نے بھائی کو اپنے کندھوں پر اٹھائے 8کلومیٹر پیدل چل کر اپنے بھائی کی جان بچا لی۔‘‘

Post a Comment

0 Comments