Islampur: where a person is unemployed..........................................must read


پہاڑوں کے دامن میں واقع گاؤں اسلام پور ضلع سوات کا ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کا وہ واحد گاؤں ہے جہاں سولہ سترہ ہزار کی آبادی میں ایک بھی شخص بے روزگار نہیں ہے۔ اس کے علاوہ گاؤں اسلام پور اپنے ہنرمند باسیوں کی وجہ سے نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرونی ممالک کے سرد ترین خطوں میں ایک ایسے گاؤں کے طور پر پہچانا جاتا ہے جہاں بھیڑ بکریوں کے اون سے رنگ برنگی گرم اعلیٰ کوالٹی کی چادریں اور شالیں تیار کی جاتی ہیں۔ یہاں سیزن میں ماہانہ تقریباً تین ارب روپے کا کاروبار ہوتا ہے۔
اسلام پور گاؤں کی تاریخ ہزاروں سال پر محیط ہے۔ یہاں بدھ مت کے آثار جابجا بکھرے پڑے تھے جو وقت کے ساتھ ساتھ معدوم ہوگئے۔ اس کے علاوہ اسلام پور کو یہاں کے ایک مذہبی پیشوا میاں نور بابا جی کی وجہ سے بھی کافی شہرت حاصل ہے۔ میاں نور بابا جی کے دادا اخون درویزہ بابا 940 ہجری میں اسلام پور آئے تھے۔ 970 ہجری میں ان کے ہاں اخون کریم داد کے نام سے بیٹا پیدا ہوا۔ میاں نور بابا جی اخون کریم داد کی اولاد میں سے ہیں۔ اخون درویزہ 1040 ہجری میں وفات پا گئے۔ میاں نور بابا جی کے حوالے سے مشہور ہے کہ وہ مذہبی علم کے حصول کے لیے ہندوستان گئے تھے اور جہاں سے علم حاصل کیا تھا، اس علاقے کا نام ’’اسلامپور‘‘ تھا۔ علم مکمل کرنے کے بعد واپسی پر آکر انہوں نے اپنے گاؤں کا نام ’’اسلامپور‘‘ رکھ دیا۔
لیکن یہاں اسلام پور کے ساتھ ساتھ اس گاؤں کو ’’سلامپور‘‘ بھی لکھا اور پڑھا جاتا ہے۔ اس حوالے سے ایک الگ روایت مشہور ہے اور وہ یہ کہ مذکورہ گاؤں کے فلک بوس پہاڑوں میں سے ایک ضلع سوات اور ضلع بونیر کی سرحد کا کردار بھی ادا کرتا ہے، تو اسی وجہ سے مشہور ہے کہ جب بھی کوئی بونیر سے سوات آتا تھا یا سوات سے کوئی بونیر جاتا تھا، تو مقامی لوگ دست بستہ کھڑے ہو کر ہر آنے جانے والے کو سلام کیا کرتے تھے۔ اس وجہ سے علاقے کا نام ’’سلامپور‘‘ پڑ گیا۔ گاؤں میں لبِ سڑک پر قائم اسکول چونکہ گورنمنٹ اسلام پور ہائی اسکول ہے اور اس کے علاوہ اسلام پور تک جانے والی سڑک پر نصب ایک بورڈ پر 
اسلامپور لکھا گیا ہے، اس وجہ سے زیادہ ترجیح اسی نام کو دی جاتی ہے۔
اسلام پور گاؤں.مشین پر اُونی تار بن رہا ہے۔
ایک ہنر مند مشین کی مدد سے دھاگے بھر رہا ہے۔
اسلام پور آج کل پوری دنیا میں سرد موسم کے حامل خطوں میں اپنے ہنر مندوں کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہاں تیار ہونے والی چادریں، گرم شال، پکول (اون سے بنی روایتی ٹوپی) اور واسکٹ نہ صرف اندرون ملک بلکہ افغانستان، روس، یورپی ممالک اور دنیا کے ہر اس خطے میں بھیجی جاتی ہیں، جہاں درجہ حرارت منفی رہتا ہے۔
سنہ 1998ء میں گاؤں کی مردم شماری کی گئی تھی جس کی روشنی میں مضافات کو ملا کر اسلام پور کی آبادی 536 گھرانوں پر مشتمل تھی۔ آج محض 17 سال گزرنے کے بعد یہاں پر 1700 تک گھرانے آباد ہیں جن کی کل آبادی 16 سے 17 ہزار بنتی ہے۔ آبادی کا 70 فی صد حصہ کھڈے کے کام سے وابستہ ہے، باقی ماندہ 30 فیصد میں بیشتر محکمۂ پولیس اور دیگر سرکاری محکموں میں برسر روزگار ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں زراعت سے بھی لوگوں کی اچھی خاصی تعداد وابستہ ہے۔
پورے گاؤں میں ساڑھے چار پانچ ہزار کھڈے ہیں (’’کھڈا‘‘ زمین میں کھودا گیا وہ مخصوص قطعہ زمین ہے جہاں بیٹھ کر ہنر مند روایتی مشینوں سے چادر تیار کرتے ہیں)۔ ہر کھڈے پر 3 سے 6 تک چادریں یا شالیں روزانہ کی بنیاد پر تیار ہوتی ہیں۔ اس حساب سے کہا جاسکتا ہے کہ گاؤں اسلام پور میں روزانہ پندرہ تا سولہ ہزار مختلف کوالٹی کی چادریں اور شالیں تیار ہوتی ہیں۔ ایک چادر یا شال کی قیمت 500 سے لے کر 40 ہزار روپے تک ہے اور یہ نرخ معمول کے مطابق ہیں۔
یہاں آرڈر پر تیار ہونے والی چادروں کی قیمت بسا اوقات 1 لاکھ روپے سے بھی متجاوز ہوتی ہے۔ اسی حساب سے گاؤں اسلام پور میں کم از کم 8 کروڑ روپے روزانہ کا کاروبار ہوتا ہے اور ماہانہ دو ارب ستر کروڑ کی حد عبور کرتا ہے۔ کھڈے سے وابستہ لوگوں کی تعداد 40 ہزار سے زائد بنتی ہے جن میں اسلام پور گاؤں، مینگورہ شہر اور آس پاس کے علاقوں کے دکان دار، خام مال لانے، تیار کرنے والے اور تیار مال واپس چھوٹی بڑی منڈیوں تک پہنچانے والے شامل ہیں۔ بالفاظ دیگر اسلام پور گاؤں کے ساتھ ضلع سوات کے 50 ہزار خاندانوں کی روزی روٹی وابستہ ہے۔ بے کار ہر جگہ موجود ہوتے ہیں، بے کاروں کے علاوہ اسلام پور میں اتنا کام ہے کہ یہاں کوئی بھی شخص بے روزگار نہیں ہے۔
پرانے طرز کا کھڈا۔
زمین کے اوپر نصب کی گئی روایتی مشین جسے گاؤں والے کھڈا ہی پکارتے ہیں۔

گاؤں میں دو قسم کے کھڈے ہیں۔ ایک تو روایتی کھڈے ہیں جن کے لیے باقاعدہ طور پر زمین کھودی جاتی ہے جبکہ دوسری قسم میں زمین کے اوپر مشین نصب کی جاتی ہے۔ اول الذکرکھڈا جگہ کم گھیرتا ہے جبکہ مؤخر الذکر زیادہ۔ دونوں قسم کے کھڈوں میں نصب مشینوں میں بعض میں دو گیئر لگے ہوتے ہیں اور بعض میں چار۔ دو گیئر والی روایتی مشین پر بنی چادر یا شال ہلکی ہوتی ہے جبکہ چار گیئر والی مشین کی چادر بھاری ہوتی ہے۔
1934ء میں پیدا ہونے والے محمد عمر کا کہنا ہے کہ وہ 1945ء سے کھڈے کی مدد سے چادر بنا رہے ہیں۔ ان کے بقول ان دنوں اتنی مہنگائی نہیں تھی مگر پیسہ بھی کسی کے پاس نہیں تھا۔ ’’اس وقت ہم ڈگرہ نامی چادر بیچا کرتے تھے، جسے ’’گھریلو خمتا‘‘ بھی کہتے تھے۔ چار آنے گز کے حساب سے ہم وہ کپڑا دیا کرتے تھے۔ دو روپے کے کپڑے سے ایک آدمی کے کپڑے پورے ہوتے تھے لیکن وہ دو روپے کسی کے پاس نہیں ہوتے تھے۔‘‘ اب چونکہ محمد عمر میں وہ طاقت نہیں رہی اس لیے انہوں نے کھڈے کا ہنر اپنے پانچ بیٹوں اور پوتوں کو منتقل کر دیا ہے۔
گاؤں میں داخل ہوتے ہی ہر جگہ رنگ برنگی چادریں اور شالیں نظر آتی ہیں۔ ہر دوسری تیسری عمارت میں کوئی نہ کوئی ہنر مند اپنے کام میں مصروف نظر آتا ہے۔ گھروں میں عورتیں دھاگے تیار کرنے یا تیار شدہ چادروں کے جھالر تیار کرنے میں مگن ہوتی ہیں۔ چادر مہنگی ہو، تو ان کی مزدوری زیادہ ہوتی ہے، چادر سستی ہو، تو اس حساب سے مزدوری بھی کم ہوتی ہے۔ دو پھولوں والی چادر سستی ہوتی ہے، اسے تیار کرنے کے دو سو روپے ملتے ہیں جب کہ تین پھولوں والی چادر مہنگی ہوتی ہے، اس کے لیے محنت بھی زیادہ درکار ہوتی ہے۔ اس لیے اس کی چار سو روپے مزدوری ملتی ہے۔ ایک دن میں کم از کم تین اور زیادہ سے زیادہ چھ چادریں تیار ہوتی ہیں۔
مردانہ چادروں کے اوپر بننے والے نقش و نگار جنھیں یہاں روایتی طور پر ’’پھول‘‘ کہتے ہیں، میں یہاں سوات کی قدیم روایات اور تہذیب کی عکاسی کی جاتی ہے۔ اس کے لیے عموماً چار سے لے کر چھ رنگ کے دھاگے استعمال ہوتے ہیں۔ تار سے چادر تیار کرنے کا عمل شروع ہوتا ہے۔ کچھ تار ایسے ہیں جنہیں یہاں گاؤں میں ہی تیار کیا جاتا ہے جبکہ زیادہ تر تار باہر سے منگوایا جاتا ہے جس کے لیے بڑی منڈی پشاور ہے۔ تار مہیا ہونے کے بعد چادر تیار کرنے کا عمل شروع ہوجاتا ہے۔ شال جب تیار ہوتا ہے، تو یہاں گھروں میں عورتیں اس کا جھالر بناتی ہیں۔ جھالر کا عمل مکمل ہونے کے بعد اس کی رنگائی شروع ہوتی ہے۔ رنگائی کے بعد اس کو صاف پانی سے دھویا جاتا ہے اور اسے استری کیا جاتا ہے اور آخر میں اسے دکان دار کے حوالے کیا جاتا ہے۔
پیروں کی مدد سے چادروں کی دھلائی جاری ہے۔ پانچ چادروں کی دھلائی کا یہ عمل عموماً ایک گھنٹہ لیتا ہے۔
روایتی طریقے سے چادر سکھائی جا رہی ہے۔
چادروں کی رنگائی کا عمل شروع ہوا چاہتا ہے۔
اسلام پور میں داخل ہوتے ہی لگ بھگ 60 دکانوں پر مشتمل ایک چھوٹا سا بازار آتا ہے۔ تمام دکانوں میں یہاں کا تیار شدہ مال سلیقے سے رکھا گیا ہوتا ہے، جسے دیکھتے ہی خریدنے اور زیب تن کرنے کو جی چاہتا ہے۔ راولپنڈی سے آئے ہوئے توصیف احمد جو پیشے کے لحاظ سے بزنس مین ہیں، کہتے ہیں کہ جب سے سوات میں حالات معمول پر آئے ہیں، وہ ہر سال گرمیوں کے موسم میں یہاں ضرور آتے ہیں۔ "واپسی کے وقت ہماری کوشش ہوتی ہے کہ جاڑے کے موسم کے لیے اسلام پور کی اونی چادر اور شال بطور سوغات ضرور لیتے جائیں۔ یہاں اس کی قیمتیں اتنی زیادہ نہیں ہوتیں جتنی راولپنڈی یا اسلام آباد میں ہوتی ہیں۔ دوسری بات، کوالٹی بھی یہاں کی بہتر ہوتی ہے۔ 30 سے لے کر 35 ہزار روپے میں پورے خاندان کی سردیوں کی شاپنگ باآسانی ہوجاتی ہے۔"
افسوس کی بات یہ ہے کہ تار سے لے کر چادر کی تیاری کے تمام مراحل اور اس کے بعد دکاندار کو حوالے کرنے تک تمام کی تمام محنت ہنر مندوں کی ہوتی ہے جبکہ فائدہ مڈل مین لے جاتا ہے۔ اس حوالے سے حاضر گل کا کہنا ہے کہ ’’تمام محنت ڈیلی ویجرز کی ہے اور فائدے میں مڈل مین رہتا ہے۔ ڈیلی ویجرز بے چارے آسانی سے اپنا کام شروع نہیں کر سکتے۔ مڈل مین اسے خام مال دیتا ہے اور کہتا ہے کہ چادر تیار کیا کرو، میں ہی اسے خریدوں گا۔
یہاں کا مڈل مین اتنا طاقتور ہے کہ گاؤں کے چھوٹے سے بازار میں دکانیں اس کی ہیں، خام مال لانے اور تیار مال باہر لے جانے کے لیے گاڑی اس کے پاس ہے۔ ہنرمند مزدور خود یا اس کے خاندان کا کوئی فرد بیمار پڑتا ہے، تو ڈاکٹر بھی مڈل مین کا دوست ہے۔ غرض قدم قدم پر مڈل مین نے یہاں کے ہنر مند مزدوروں کو اپنا محتاج بنائے رکھا ہے۔ سترہ ہزار آبادی کے اس گاؤں میں کوئی سرکاری اسپتال نہیں ہے، مگر اس میں اٹھارہ سے لے کر بیس تک پرائیویٹ کلینکس قائم ہیں۔
چادروں کو پریس کیا جا رہا ہے۔
تیار چادریں.
تیار چادریں.
ایک بنیادی صحت مرکز ہے اور وہ بھی تین ساڑھے تین کلومیٹر دور۔ یہاں چمڑے کی بیماریاں عام ہیں۔ اس طرح گاؤں میں نکاسیء آب کا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ چونکہ گاؤں پہاڑوں کے دامن میں واقع ہے، اس لیے یہاں پر گھروں میں کھڈ تعمیر نہیں کیے جاسکتے۔ زمین پتھریلی ہے، تو لیٹرین کا گندا پانی بھی بالآخر نہر میں ہی آملتا ہے۔ پھر اس پانی کے استعمال ہی کی وجہ سے گاؤں کے ہر چوتھے یا پانچویں شخص کو ہیپاٹائٹس اے، بی یا سی میں سے کوئی ایک لاحق ہے۔
گاہے گاہے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر ان مسائل کے حوالے سے بات کی گئی ہے مگر نتیجہ کچھ نہیں نکلا ہے۔ گاؤں کے ہنر مند مزدور حکومت وقت سے اس حوالے سے شاکی ہیں۔ حکومت وقت کو چاہیے کہ یہاں کے ہنر مندوں کو بلا سود چھوٹے چھوٹے قرضے دے، مڈل مین کو بیچ میں سے نکال کر ہنرمندوں کے لیے مارکیٹ مہیا کرے۔ حکومت وقت یہ بھی کر سکتی ہے کہ خام مال ہنرمندوں کو دے اور پھر ان سے تیار شدہ مال اچھے داموں خرید کر برآمد کرے۔ یوں ایک طرف ان ہنر مندوں کا استحصال نہیں ہوگا، تو دوسری طرف اچھا خاصا زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔

Post a Comment

0 Comments