دنیا بھر میں مشہور اور کثرت سے استعمال ہونیوالی ایپلی کیشن ’واٹس ایپ‘ کے ویب ورژن میں ایسی خامی کا انکشاف ہوا ہے جو ہیکرز کیلئے صارفین کے
کمپیوٹرز ہیک کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔
انٹرنیٹ سیکیورٹی فرم ’چیک پوائنٹ‘ کے مطابق واٹس ایپ کے ویب ورژن میں سافٹ ویئر کی کمزوری سامنے آئی ہے جو سمارٹ فون کے صارفین کو ہیکرز کیلئے آسان ہدف بنا دیتی ہے اور ہیکرز محض صارفین کے موبائل نمبرز سے ان کے کمپیوٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔سیکیورٹی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ہیکرز اس کمزوری کے باعث مختلف اقسام کے malware (وائرس) اور نقصان دہ کوڈز کمپیوٹرز میں داخل کرکے ان کا کنٹرول سنبھال سکتے ہیں اور کسی فرد کو ہدف بنانے کیلئے ہیکرز کو صرف متعلقہ شخص کے فون نمبر کی ضرورت ہوتی ہے۔ سیکیورٹی کمپنی کے مطابق ہیکرز مطلوبہ شخص کو صرف ایک ”وی کارڈ“ ( سمارٹ فونز پر نمبرز کی معلومات شیئر کرنے کا طریقہ) بھیجا جاتا ہے جس میں نقصان دہ کوڈ ہوتا ہے اور جیسے ہی اس کوڈ کو اوپن کیا جاتا ہے تو وائرس کمپیوٹر میں ڈاﺅن لوڈ ہونا شروع ہو جاتا ہے۔
واٹس ایپ نے بھی اس سیکیورٹی مسئلے کی تصدیق کرتے ہوئے دنیا بھر میں ویب ورژن کے صارفین کیلئے گزشتہ ماہ کے آخر میں ایک نیا ورژن متعارف کرانا شروع کر دیا ہے جو جلد ہی پوری دنیا کے صارفین کیلئے دستیاب ہو جائے گا اور اگر آپ بھی ہیکرز کا نشانہ نہیں بننا چاہتے تو ویب ورژن کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کر لیں ورنہ فی الحال اس کا استعمال ترک کر دیں اور اس کے ساتھ ہی اپنی تمام تر انٹرنیٹ براﺅزنگ ہسٹری کو بھی کلیئر کر لیں۔
0 Comments