بسم اللہ الرحمن الرحیم
کچھ اینڈرائڈ موبائل یا ٹیبلیٹس ایسے ہیں جن میں اردو اور عربی وغیرہ لکھنے کی سہولت تو دور، پڑھنے کی سہولت تک موجود نہیں ہوتی۔ بعض میں اردو الفاظ ٹوٹ جاتے ہیں اور بعض تو اس سے بھی ایک درجہ نیچے ہوتے ہیں، ان میں اردو الفاظ سرے سے نظر ہی نہیں آتے اور الفاظ کی جگہ ڈبے یا کوئی عجیب زبان بن جاتی ہے۔ یہ کن موبائلوں میں ہوتا ہے اس کی وضاحت ”اردو اور اینڈرائیڈ موبائل“ والی تحریر میں کر چکا ہوں۔ جن اینڈرائڈ موبائلوں پر اردو ٹھیک پڑھی نہیں جاتی ان کو ہم دو حصوں میں تقسیم کرتے ہیں۔ ایک ایسے موبائل جن میں اردو نظر تو آتی ہے لیکن الفاظ ٹوٹ جاتے ہیں اور دوسرے ایسے موبائل جن پر اردو کی جگہ ڈبے وغیرہ بن جاتے ہیں۔ایسے موبائل جن پر اردو الفاظ ٹوٹ جاتے ہیں دراصل ان میں اردو سپورٹڈ فانٹ تو ہوتا ہے لیکن فانٹ کو ٹھیک چلانے کی سہولت موجود نہیں ہوتی اور جن موبائلوں پر اردو الفاظ کی جگہ ڈبے وغیرہ بنتے ہیں ایسے موبائلوں میں سرے سے اردو سپورٹڈ فانٹ موجود نہیں ہوتا۔
عام طور پر اینڈرائیڈ موبائل فون سسٹم فائلز اور فانٹس وغیرہ میں تبدیلی کی اجازت نہیں دیتے۔ اگر کوئی تبدیلی کرنی ہو تو اس کے لئے موبائل کو ”روٹ“ (Root) کرنا پڑتا ہے۔ روٹ کرنے کا مطلب ہے کہ ہم سسٹم فائلز اور فانٹس وغیرہ میں تبدیلی کرنے کا اختیار حاصل کر لیتے ہیں۔ پھر ہم نے جہاں بھی جیسی بھی تبدیلی کرنی ہو وہ کر سکتے ہیں اور پرانے فانٹس کی جگہ نئے فانٹس رکھ سکتے ہیں۔ اینڈرائیڈ کے کئی ایک ورژن ہونے اور اوپر سے ہر کمپنی کا اپنا اپنا حساب ہے، اس لئے ہر موبائل کو روٹ کرنے کا طریقہ مختلف ہو سکتا ہے۔
اینڈرائڈ کے کئی ایک ورژن ہونے اور ہر کمپنی کا اپنا اپنا حساب ہونے کی وجہ سے اردو سپورٹ بھی کئی ایک طریقوں سے شامل ہو سکتی ہے۔ کسی موبائل میں صرف ”عربی“ سپورٹڈ فانٹس شامل کرنے سے ”اردو“ سپورٹ شامل ہو جاتی ہے تو کسی میں نہیں ہوتی۔ اینڈرائڈ میں فانٹس کی فائلز system اور پھر fonts کے فولڈر میں ہوتی ہیں۔ ویسے بعض موبائلوں پر عربی سپورٹڈ تھیم سے بھی اردو ٹھیک پڑھی جا سکتی ہے۔ اب کئی موبائل تو نئی تھیم ایسے ہی انسٹال کرنے دیتے ہیں جبکہ بعض پر تھیم انسٹال کرنے کے لئے بھی موبائل کو روٹ کرنا پڑتا ہے۔
خیر ان سب باتوں اور مسائل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے فی الحال دو بہتر طریقے سامنے آتے ہیں جن کی مدد سے اردو پڑھی اور لکھی جا سکتی ہے۔
1:- فائر فاکس براؤزر اور ملٹی لنگ کیبورڈ کا استعمال
یہ طریقہ زیادہ تر ایسے اینڈرائیڈ موبائلوں کے لئے کار گر ہے جن میں اردو نظر تو آتی ہے لیکن الفاظ ٹوٹ جاتے ہیں۔
اگر بات صرف انٹرنیٹ کی حد تک اردو پڑھنے اور لکھنے کی ہو تو پھر اردو ویب سائیٹ پڑھنے کے لئے فائر فاکس براؤزر کا استعمال کریں۔ اس کے لئے اینڈرائڈ کی مارکیٹ سے ”فائر فاکس“ انسٹال لیں۔ مزید اگر اردو لکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لئے اینڈرائڈ مارکیٹ سے ملٹی لنگ کیبورڈ انسٹال کر لیں۔ ملٹی لنگ کیبورڈ کے متعلق مکمل تفصیل یہاں دیکھیں۔ مزید اگر آپ اردو میں ایس ایم ایس وغیرہ بھی بھیجنا چاہتے ہوں تو اس کے لئے ملٹی لنگ کیبورڈ کی سیٹنگز میں سے Languages میں سے Use MyScript Font کو منتخب کریں اور پھر اینڈرائڈ مارکیٹ سے ہی ملٹی لنگ کا ایک چھوٹا سا ٹول مائی سکرپٹ (MyScript) بھی انسٹال کر لیں۔ مائی سکرپٹ ایک قسم کا چھوٹا سا ٹیکسٹ ایڈیٹر ہی ہے جس میں اردو لکھ سکتے ہیں اور پھر ایس ایم ایس بھیج سکتے ہیں اور ساتھ ساتھ مائی سکرپٹ میں اردو لکھ کر کاپی کرتے ہوئے کہیں اور پیسٹ بھی کر سکتے ہیں۔
2:- موبائل پر اردو یا عربی سپورٹڈآپریٹنگ سسٹم انسٹال کرنا
یہ طریقہ دونوں قسموں کے موبائلوں کے لئے کار گر ہے۔ دراصل اس طریقے کے ذریعے موبائل کا آپریٹنگ سسٹم مکمل طور پر نیا انسٹال کر لیا جاتا ہے۔ عام طور پر اس طریقے کو فلیش (Flash) کرنا، روم (ROM) یا فرم ویئر (Firmware) کی تبدیلی بھی کہتے ہیں۔ اب اینڈرائڈ موبائل بنانے والی کئی ایک کمپنیاں ہیں اور اوپر سے ہر ماڈل کو روٹ اور فلیش کرنے کا طریقہ مختلف ہو سکتا ہے۔ اس لئے فی الحال نہ تو بہت سارے طریقے لکھ سکتا ہوں اور نہ ہی مجھے ابھی ہر ایک کا علم ہے۔ روٹ یا فلیش کرنا زیادہ مشکل نہیں۔ اپنے موبائل کی کمپنی اور ماڈل کے مطابق گوگل پر روٹ، فلیش یا روم/فرم ویئر کے بارے میں تلاش کریں تو بے شمار ویب سائیٹس اور طریقے پتہ چل جائیں گے۔
عام طور پر اس کام کے لئے ہمیں کوئی ایسا ٹول چاہئے ہوتا ہے جس کی مدد سے ہم فلیش کرتے ہیں، جیسے سام سنگ کے لئے اوڈن (Odin) ہے اور اس کے ساتھ ساتھ روم (ROM) یا فرم ویئر (Firmware) کی فائل/فائلز چاہئے ہوتی ہیں۔ تاکہ ٹول کی مدد سے ان فائلز کو موبائل میں انسٹال کر لیا جائے۔ نئی روم/فرم ویئر کی تلاش کرتے ہوئے یہ بات ذہن میں رکھیں کہ آپ ایسی روم/فرم ویئر کی تلاش کر رہے ہیں جو اردو، فارسی یا عربی سپورٹڈ ہو۔ دراصل فارسی یا عربی سپورٹڈ روم/فرم ویئر پر اردو بھی ٹھیک پڑھی جاتی ہے۔ باقیوں کی نسبت عربی سپورٹڈ زیادہ آسانی سے مل جاتی ہے۔ روم/فرم ویئر کے لحاظ سے سام سنگ بہت ہی زبردست ہے کیونکہ اس کی یورپ، امریکہ، ترقی، عربی اور ایشیاء کی روم/فرم ویئر آسانی سے دستیاب ہیں۔
خیر سب سے پہلے اپنے موبائل کو فلیش کرنے کے طریقہ تلاش کریں۔ طریقے سے ہی آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ یہ کام آپ کر سکتے ہیں یا نہیں۔ اس کے بعد اگر آپ فلیش کرنا چاہیں تو پھر اپنے موبائل کی کمپنی اور ماڈل کے مطابق اردو، فارسی یا عربی سپورٹڈ روم/فرم ویئر تلاش کریں اور پھر تلاش کردہ طریقے کے مطابق فلیش کر لیں۔ کامیابی سے فلیش کرنے کے بعد اردو ٹھیک پڑھی جائے گی اور اگر نئے سافٹ ویئر میں بھی اردو کیبورڈ موجود نہ ہو تو گھبرائیں نہیں بلکہ خود سے ملٹی لنگ یا گو کیبورڈ انسٹال کر لیں۔
گوگل پر تلاش کرتے ہوئے ہو سکتا ہے یہ الفاظ آپ کے کچھ کام آ سکیں۔
How to flash YOUR MOBILE COMPANY AND MODEL
Install new firmware in YOUR MOBILE COMPANY AND MODEL
Install new ROM in YOUR MOBILE COMPANY AND MODEL
Arabic support firmware of YOUR MOBILE COMPANY AND MODEL
YOUR MOBILE COMPANY AND MODEL Arabic firmware
YOUR MOBILE COMPANY AND MODEL Arabic ROM
اینڈرائیڈ کے متعلق ایکس ڈی اے ڈویلپرز ایک بہترین فورم ہے اس کے علاوہ سیم موبائل پر سام سنگ کے متعلق کافی معلومات ہے اور تقریباً ہر قسم کے فرم ویئر بھی دستیاب ہیں۔
اگر آپ خود موبائل کو فلیش نہیں کر سکتے تو کسی اچھی موبائل ریپئرنگ والی دوکان یا موبائل کمپنی کے رجسٹرڈ ریپئرنگ سنٹر پر جائیں اور انہیں کہیں کہ اینڈرائیڈ کا اردو، فارسی یا عربی سپورٹڈ ورژن انسٹال کر دیں۔
کچھ ضروری باتیں
یاد رہے روٹ یا فلیش کرنے سے موبائل کی وارنٹی ختم ہو جاتی ہے۔
یوں تو عام طور پر روٹ یا فلیش کرنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا لیکن کسی غلطی سے موبائل کو مسئلہ ہو بھی سکتا ہے۔
روم/فرم ویئر کا انتخاب اپنے موبائل کی کمپنی اور ماڈل کے مطابق نہایت دھیان سے کریں۔
موبائل پر ایسے کام/تجربات کرنے سے پہلے بیٹری کو کم از کم پچاس فیصد سے زیادہ چارج کر لیں۔
کسی بھی قسم کی خرابی کا میں ذمہ دار نہیں ہوں گا، اس لئے اگر آپ کا دل مانتا ہے تو اپنی ذمہ داری پر موبائل کوروٹ، فلیش یا دیگر تبدیلیاں کریں۔
0 Comments